پاور ڈویژن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی سے متعلق یکم ستمبر تک کی تازہ رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف ڈسکوز کے مجموعی طور پر 48 گرڈ اسٹیشنز اور 437 فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 169 فیڈرز مکمل طور پر بحال جبکہ 260 فیڈرز کو عارضی طور پر فعال کردیا گیا ہے۔
پیسکو کے زیر انتظام علاقوں سوات، بونیر، شانگلہ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 12 گرڈ اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 85 فیڈرز مکمل اور 6 جزوی طور پر بحال کیے جاچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوابی اور ڈی آئی خان میں بجلی بحالی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ سوات، بونیر اور شانگلہ میں متاثرہ فیڈرز کی مکمل بحالی 2 سے 7 دن تک متوقع ہے۔
گیپکو کے 10 گرڈز اور 87 متاثرہ فیڈرز میں سے 80 بحال کردیے گئے ہیں جبکہ 7 فیڈرز پر جزوی بحالی کی گئی ہے۔
لیسکو کے علاقوں لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ میں 59 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 57 کو جزوی طور پر بحال کیا جا چکا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق ان فیڈرز کی مکمل بحالی 2 ستمبر سے 5 ستمبر کے درمیان مکمل ہوگی۔
فیسکو کے علاقوں ٹی ٹی سنگھ، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان میں 26 گرڈ اور 73 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 1 فیڈر مکمل جبکہ 72 کو عارضی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
میپکو کے زیر انتظام علاقوں میں 114 متاثرہ فیڈرز کو عارضی طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق پانی اترتے ہی ان فیڈرز کی مکمل بحالی کا کام فوری شروع کر دیا جائے گا۔
ٹیسکو کے علاقوں شمالی وزیرستان اور خیبر میں 10 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 1 مکمل اور 4 عارضی طور پر بحال کردیے گئے ہیں۔
ہیزیکو کے زیر انتظام مانسہرہ میں 3 متاثرہ فیڈرز میں سے 2 مکمل طور پر بحال ہوچکے ہیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔