کنڑ زلزلہ : شہداء کی تعداد 1411 تک جا پہنچی، ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری

image

کابل : امارتِ اسلامیہ افغانستان کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرت نے کنڑ صوبے میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں کی تازہ تفصیلات جاری کردی ہیں۔

ترجمان کے مطابق کنڑ کے اضلاع نورگل، چوکی، چپہ درہ، پیچ درہ، وٹپور اور اسعد آباد میں اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 1411، زخمیوں کی تعداد 3124 جبکہ تباہ شدہ گھروں کی تعداد 5412 ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج بھی تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔ جن مقامات پر طیاروں کی لینڈنگ ممکن نہیں تھی، وہاں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے درجنوں کمانڈو اہلکار اتارے گئے تاکہ ملبے تلے دبے زخمیوں کو نکالا جا سکے۔

مزید برآں، خاص کنڑ ضلع میں ایک امدادی کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں کمیٹیاں ضروری اشیاء اور ہنگامی امداد کی تقسیم کو منظم کر رہی ہیں۔ حادثے کے مقامات کے قریب دو مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں جو زخمیوں کی منتقلی، شہداء کی تدفین اور دیگر متاثرین کی ریسکیو سرگرمیوں کو براہِ راست منظم کر رہے ہیں۔

امارتِ اسلامیہ کے نائب ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مختلف ممالک نے نہ صرف ہمدردی کے پیغامات بھیجے ہیں بلکہ امداد کا اعلان بھی کیا ہے، جن میں سے کچھ امداد متاثرین کی ہنگامی ریلیف کمیٹی کے حوالے کر دی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US