راولپنڈی : آر ڈی اے کا انسدادِ ڈینگی آپریشن، متعدد عمارتیں سیل، تجاوزات کا خاتمہ

image

راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انسدادِ ڈینگی آپریشنز بھرپور انداز میں جاری ہیں۔

آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے وزیر ٹاؤن اور گرجا روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غیر قانونی تعمیرات پر 28 عمارتوں کو سیل کردیا۔

مزید برآں، جی ٹی روڈ پر سواں پل سے ہمرائی بس اسٹینڈ تک بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بغیر این او سی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف پنجاب ڈیولپمنٹ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جبکہ تمام تعمیرات کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ اور این او سی حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ڈی جی آر ڈی اے کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر شہریوں اور بلڈرز سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ تعاون کریں اور قوانین کی پابندی کریں تاکہ انسدادِ ڈینگی مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔

آر ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے ایک بار پھر واضح کردیا کہ عوامی صحت اور شہر کی خوبصورتی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US