ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے پولیس حکام کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے سریاب روڈ پر ہونے والا دھماکا خودکش حملہ تھا۔
خودکش بمبار کی لاش مل گئی، 8 کلو بارود استعمال کیا گیا
انہوں نے بتایا کہ واقعہ جلسہ ختم ہونے کے بعد پیش آیا، جس میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ خودکش بمبار کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، اس کی عمر 30 سال سے کم تھی اور دھماکے میں تقریباً 8 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
جلسہ منتظمین نے وقت پابندی کی شرط پر عمل نہیں کیا
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان بھر میں 15 ستمبر تک دفعہ 144 نافذ ہے، جلسہ منتظمین کو شرائط کے ساتھ این او سی جاری کیا گیا تھا، جس میں وقت کی پابندی لازمی قرار دی گئی تھی لیکن بدقسمتی سے اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ حمزہ شفقات نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق افراد کے لیے 15 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
22 دہشت گرد صوبے میں داخل ہوچکے ہیں
ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے مطابق 22 دہشت گرد صوبے میں داخل ہوچکے ہیں جو امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کریں گے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے اور مستقبل میں کسی بھی جلسے یا جلوس کے لیے سخت ایس او پیز جاری ہوں گے، شام کے بعد کسی کو بھی جلسہ یا جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
12 ربیع الاول کے لیے بھی تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد دہشت گرد تنظیمیں ملک کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہی ہیں لیکن احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے سے قبل بھی تھریٹ الرٹ موجود تھا جبکہ 12 ربیع الاول کے لیے بھی تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں فلڈ الرٹ بھی جاری کیا جائے گا۔
آج بھی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ ہوا
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں اس سال اگست میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور کوئی سویلین شہید نہیں ہوا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے مزید بتایا کہ یکم ستمبر سے صوبے میں افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ آج ہی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ ہوا جس میں دو اہلکار شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث 90 سے زائد سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کردیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر ملک دشمن مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے اور اب تک 3 ہزار سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کیے جاچکے ہیں۔
حمزہ شفقات نے مزید کہا کہ زیارت سے اغوا کیے گئے اسسٹنٹ کمشنر تمب صحت مند اور محفوظ ہیں تاہم ان کے اغوا کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔
خودکش حملے میں زخمیوں کے اعداد وشمار جاری
محکمہ صحت کی جانب سے دھماکے کے بعد سول ودیگر اسپتالوں میں منتقل کیے گئے زخمیوں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سنڈیمن سول اسپتال میں لائے گئے زخمیوں کی کل تعداد 38 تھی، جن میں سے 6 کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا، 15 کو علاج معالجہ کے بعد ڈسچارج کیا گیا جبکہ اس دوران 6 زخمیوں کا آپریشن کیا گیا، اس وقت سول اسپتا ل میں داخل مریضوں کی تعداد 9 ہے، منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما ڈاکٹر ارباب کامران کاسی اور ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر ہادی کاکڑ کی زیر نگرانی ٹراما سینٹر اور سول اسپتال کوئٹہ کی پوری ٹیم نے تمام زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی۔ بروقت اور مؤثر علاج پر ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر ہادی کاکڑ اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما ارباب کامران نے ٹیم کی خدمات کو سراہا۔
آج آل پارٹیز اجلاس طلب کرلیا گیا
دوسری جانب بلوچستان کے تمام سیاسی جماعتوں کا آل پارٹیز اجلاس آج ہوگا جس میں کل شاہوانی اسٹیڈیم کے باہر ہونے والے بم حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے کر لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی قیادت، پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور دوسری جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔