سرحد چیمبر، فلورملرز نے پنجاب سے گندم کی نقل وحرکت پر پابندی مسترد کردی

image

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور خیبر پختونخوا کے فلور ملز مالکان نے پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے پر پنجاب حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کو غیر آئینی اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ اگر پابندی فوری طور پر نہ اٹھائی گئی تو خیبر پختونخوا کو آٹے کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان اور پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین نعیم بٹ ودیگر نے چیمبر ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کو گندم کی سپلائی روکنے کا الزام موجودہ پنجاب حکومت اور اس کے چیف سیکریٹری پر عائد کیا اور اس فیصلے کو آئین کے آرٹیکل 151 کے کھلم کھلا خلاف ورزی اور ایک منظم مافیا کا گٹھ جوڑ قرار دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے متعلقہ اتھارٹیز نے خیبر پختونخوا میں گندم سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے بعد خصوصی چوکیاں قائم کردی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پر گندم کی ترسیل پر پابندی صوبے کے ساتھ معاشی دہشت گردی ہے جو پہلے سے ہی گندم کے بڑے خسارے کا سامنا کر رہے ہیں اور زیادہ تر اس کا انحصار پنجاب اور اوپن مارکیٹ سے خریداری پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پابندی فوری طور پر نہ ہٹائی گئی تو آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ فضل مقیم خان اور نعیم بٹ نے خبر دار کیا کہ پنجاب حکومت کی گندم کی ترسیل پر پابندی دہشت گردی سے متاثرہ آٹے کی صنعت کو مزید تعطل کا شکار کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 اگست کو چیف سیکریٹری پنجاب کی ہداہات کی پیروی کرتے ہوئے گندم کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی اور پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے لیے اسپیڈ منی اور بدعنوانی کے راستے کھول دیئے گئے اور مختلف غیر قانونی چوکیاں قائم کردی گئیں جہاں پر 150,000 روپے فی ٹرک رشوت وصول کرنا شروع کردی گئی جس کا کوئی سرکاری ریکارڈ اور رسید نہیں دی جاتی ہے۔

انھو ں نے پنجاب سے گندم کی نقل و حرکت پر غیر آئینی پابندی کو مسترد کرتے ہوئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین، وزیر اعلیٰ گنڈا پور سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کریں اور خیبر پختونخوا کو آٹے کے بحران سے بچانے کے لیے مذکورہ پابندی کو فوری ہٹانے کا حکم دیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر فوری طور پر پابندی نہ ہٹائی گئی تو اس حو الے آئندہ کا لائحہ عمل بہت جلد طے کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US