کابینہ اجلاس : پن بجلی منافع بڑھانے، بی آر ٹی اضافی بسوں کی منظوری کا امکان

image

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس آج سہ پہر 2 بجے صوبائی سیکریٹریٹ کے کابینہ روم میں ہوگا۔

اجلاس میں پن بجلی کے خالص منافع میں متعلقہ اضلاع کا حصہ 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے اور بی آر ٹی پشاور میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مزید بسیں خریدنے کی بھی منظوری دی جائے گی۔

کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں متعدد اہم معاملات شامل ہیں جن میں ملک سعد شہید پولیس لائنز کی تعمیر نو، پشاور میں پولیس ہاسٹل کی تعمیر، گردوں کے مریضوں کے لیے ٹرانسپلانٹ کی مالی امداد، نجی شعبے کے حوالے کیے گئے اسپتالوں کو فنڈز کی فراہمی کے نظام میں بہتری اور وقار نسواں کمیشن کے قواعد میں ترامیم شامل ہیں۔

اجلاس میں اوقاف کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے، کیلاشی اور بہائی کمیونٹی کے تہواروں کے لیے خصوصی گرانٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں نادرا دفاتر کے قیام، باجوڑ اور ضم اضلاع میں ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں، نوشہرہ میں سفاری پارک کے قیام اور صوبے میں چینی کی طلب کے مطابق درآمد پر بھی غور کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں محنت کشوں کی کم از کم اجرت میں اضافے، تین پہیوں والی گاڑیوں کی رجسٹریشن، اور ڈیموں والے اضلاع کے لیے پن بجلی منافع میں 5 فیصد اضافے جیسے نکات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

کابینہ اجلاس میں ہونے والے ان فیصلوں کو صوبے میں توانائی، ٹرانسپورٹ، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US