لوئر کرم میں گاڑی پر فائرنگ، باپ جاں بحق، 2 بیٹیاں زخمی

image

خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر کرم میں فائرنگ کے واقعے میں زاہد حسین نامی شخص جاں بحق جبکہ ان کی دو بیٹیاں شدید زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق گاڑی پر فائرنگ پہاڑی علاقے شمع دار بابا کے قریب کی گئی جس کے نتیجے میں زاہد حسین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دونوں زخمی لڑکیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پاراچنار منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

فائرنگ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی لوئر کرم کے علاقے مہورہ احمد خان کلی میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد حکومت اور قبائلی مشران نے ملزم تجمل کے گھر کو بارودی مواد سے تباہ کر دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US