توری ایک عام سبزی ہے جو گرمیوں میں گھروں کے دسترخوان پر کثرت سے نظر آتی ہے۔ ہلکی اور ہاضم ہونے کی وجہ سے اسے اکثر لوگ پسند کرتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ توری صرف ذائقے کے لیے نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی ایک خزانہ ہے۔ سادہ سی نظر آنے والی یہ سبزی کئی بڑی بیماریوں سے بچا سکتی ہے اور مہنگے علاج سے محفوظ رکھتی ہے۔
غذائی خصوصیات
توری میں وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن کے اور فولیٹ وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیلشیم، میگنیشیم، آئرن اور پوٹاشیم جیسے منرلز بھی پائے جاتے ہیں۔ یہ سبزی پانی کی مقدار سے بھرپور ہے، جس کی وجہ سے جسم میں نمی قائم رکھتی ہے اور ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتی ہے۔ توری میں کیلوریز کم اور فائبر زیادہ ہوتا ہے، اسی لیے وزن کم کرنے والوں کے لیے بھی یہ بہترین انتخاب ہے۔
صحت کے فوائد
توری کھانے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے کیونکہ یہ کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔ بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے کے لیے بھی یہ فائدہ مند ہے۔ فائبر کی موجودگی قبض کو دور کرتی ہے اور آنتوں کی صفائی کرتی ہے۔ اس کے علاوہ توری شوگر کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے کیونکہ یہ بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن رکھتی ہے۔
توری جگر کی صحت کے لیے بھی بہترین ہے اور جسم سے زہریلے مادوں کو خارج کرنے میں مدد دیتی ہے۔ گرمیوں میں یہ سبزی جسم کو ٹھنڈک پہنچاتی ہے اور پانی کی کمی کو پورا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹرز بھی اکثر اس سبزی کو اپنی خوراک میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ بیماریوں سے بچیں اور ادویات پر انحصار کم ہو تو اپنی روزمرہ غذا میں توری کو ضرور شامل کریں۔