حکومت کا متاثرین سیلاب کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ

image

وفاقی حکومت نے پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں متاثرین سیلاب کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت متاثرین سیلاب کے لیے بجلی کے بلوں پر جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور فکس چارجز ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اسی طرح فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر عائد جی ایس ٹی اور ایکسائز ڈیوٹی بھی نہ لینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ انکم ٹیکس، اضافی ٹیکسز اور ریٹیلر سیلز ٹیکس کے خاتمے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر کا کہنا ہے کہ متاثرین سیلاب کے بجلی کے بلوں پر ٹیکس معاف کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف وفاقی حکومت دے گی اور لینڈ ریونیو صوبائی حکومت معاف کرے گی۔

رانا تنویر نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں کا سروے 7 سے 10 دن میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد کسان پیکج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب میں فصلوں کو ایک سے تین فیصد تک نقصان ہوا ہے اور گجرانوالہ ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 18 فیصد تک فصلیں تباہ ہوئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ متاثرین کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US