وزیر اعلیٰ بلوچستان کا قلعہ سیف اللہ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

image

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ سیف اللہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی چاہے مذہب یا قومیت کے نام پر کی جائے، اس کا عوامی حقوق اور ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں اور کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذہب کے نام پر بندوق اٹھانے والے دین دشمن ہیں کیونکہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ان کے مطابق قوم پرستی یا حقوق کے نام پر ہتھیار اٹھانے والے ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم مسافروں اور شہریوں کا قتل ناقابلِ معافی جرم ہے۔

انہوں نے کوئٹہ میں سیاسی جلسے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن سڑکیں بلاک کرنا اور عوام کو اذیت دینا آئین و قانون کے منافی ہے۔

وسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے معدنی وسائل پر پہلا حق مقامی عوام کا ہے اور ان کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے کے وسائل پر قبضے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور وہ عوام کے حقوق کے محافظ بن کر کھڑے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قلعہ سیف اللہ میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے کان مہترزئی ڈیم تعمیر کیا جائے گا جبکہ مسلم باغ کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ اٹوٹ ہے اور کوئی طاقت اسے ختم نہیں کرسکتی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US