سلامتی کونسل کی دوحہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت

image

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سلامتی کونسل کا مذمتی بیان برطانیہ اور فرانس کی جانب سے تیار کیا گیا تھا جسے امریکا سمیت تمام 15 اراکین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

مذمتی بیان میں براہ راست اسرائیل کا نام نہیں لیا گیا لیکن قطر پر حملے کو عالمی قوانین اور امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔ سلامتی کونسل نے اس موقع پر غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی اور فوری جنگ بندی کو بھی ترجیح دینے پر زور دیا۔

سلامتی کونسل اجلاس پاکستان، الجزائر اور صومالیہ کی درخواست پر بلایا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیلی حملہ عالمی امن کے خلاف ہے۔ انہوں نے اسے یو این چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔

قطری وزیراعظم نے حملے کو سفارتکاری کی توہین قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل نے اس عمل سے مذاکرات کو سبوتاژ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر عالمی قوانین کے تحت اس حملے کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے اور وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حکم پر دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا تھااور اس حملے میں حماس رہنما خلیل الحیا کے بیٹے، دفتر کے ڈائریکٹر سمیت چھ افراد شہید ہوئے تھے جبکہ اعلیٰ قیادت محفوظ رہی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US