عالمی برادری کو متحرک کرنے کا موقع ہے، دنیا کو اسرائیل سے ڈرنا نہیں چاہیے: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

image
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ دنیا کو اسرائیل اور اس کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مرحلہ وار الحاق سے ڈرنا نہیں چاہیے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم غزہ میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ خوفناک ہے۔ یہ موت اور تباہی کی بدترین سطح ہے جو میں نے بطور سیکریٹری جنرل اپنے وقت میں دیکھی یا شاید اپنی زندگی میں۔‘

انتونیو گوتریس نے کہا کہ قحط، صحت کی موثر دیکھ بھال کا مکمل فقدان، مناسب پناہ گاہوں کے بغیر زندگی گزارنا، فلسطینی عوام کے مصائب کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔‘

نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ سربراہی اجلاس کے لیے 140 سے زائد عالمی رہنما جمع ہو رہے ہیں۔ رواں برس اس عالمی اجلاس میں فلسطینیوں اور غزہ کے مستقبل کے موضوعات غالب رہیں گے۔

اسرائیل نے مغربی ممالک کی جانب سے اس اجلاس میں فلسطین کو تسلیم کرنے کے منصوبے کی حمایت کرنے کی صورت میں مغربی کنارے کو الحاق کرنے کی دھمکی دی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’ہمیں جوابی کارروائی کے خطرے سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔‘

انہوں نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم جو کر رہے ہیں وہ ہم کریں یا نہ کریں، پھر بھی یہ کارروائیاں جاری رہیں گی لیکن کم از کم عالمی برادری کو متحرک کرنے کا ایک موقع ہے تاکہ ایسا نہ ہونے کے لیے دباؤ ڈالیں۔‘

 انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’ہم غزہ میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ خوفناک ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

رہائشی نکل جائیں، غزہ شہر میں ’غیرمعمولی طاقت‘ استعمال کریں گے: اسرائیل

اسرائیلی فوج نے جمعے کو خبردار کیا ہے کہ غزہ شہر میں ’غیرمعمولی طاقت‘ کا استعمال کیا جائے گا لہٰذا رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جنوب کی طرف نکل جائیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں غزہ شہر کے رہائشیوں کو مخاطب کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے عربی زبان میں بیان جاری کیا کہ ’اب صلاح الدین روڈ کو جنوب کی طرف جانے والے سفر کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل کی دفاعی افواج حماس اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بے مثال طاقت کے ساتھ آپریشن جاری رکھیں گی۔‘

بیان میں رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ان لاکھوں باشندوں کے ساتھ شامل ہوں جو جنوب کی طرف انسانی بنیادوں پر قائم علاقے میں منتقل ہوئے ہیں۔‘

غزہ شہر پر قبضہ کرنے کی اسرائیل کی کوشش نے بین الاقوامی غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ غزہ کا یہ علاقہ پہلے ہی تقریباً دو برس سے جاری جنگ سے تباہ ہو چکا ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق شہر میں خوراک کی انتہائی قلت ہے۔

اقوام متحدہ نے اگست کے آخر میں اندازہ لگایا تھا کہ غزہ شہر اور اس کے گردونواح میں تقریباً 10 لاکھ لوگ رہ رہے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان میں سے لاکھوں افراد غزہ کی پٹی کے سب سے بڑے شہر سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US