خاتون کا حجاب کھینچنے کا واقعہ، زائرہ وسیم نے نتیش کمار سے معافی کا مطالبہ کردیا

image

بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا باعث بن گئی ہے جس میں انہیں ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بالی ووڈ کی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے اس واقعے پر سخت تنقید کرتے ہوئے نتیش کمار سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار ایک تقریب کے دوران ایک خاتون ڈاکٹر کو سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں اسی دوران وہ خاتون سے حجاب اتارنے کو کہتے ہیں اور اس سے پہلے کہ خاتون کوئی ردعمل دے پاتیں نتیش کمار خود ہی ان کا حجاب کھینچ لیتے ہیں جس سے ان کے چہرے کا کچھ حصہ نمایاں ہو جاتا ہے۔

واقعے کے بعد سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی عورت کی عزت اور حیا کو اس طرح سرِعام نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ زائرہ وسیم نے کہا کہ ایک مسلمان عورت ہونے کے ناطے کسی دوسری خاتون کا نقاب اس انداز میں اتارا جانا انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اختیار اور طاقت کسی کو یہ حق نہیں دیتی کہ وہ دوسروں کی ذاتی حدود پامال کرے۔ زائرہ وسیم کی اس پوسٹ پر بڑی تعداد میں صارفین نے اتفاق کیا اور اس واقعے کو خواتین کی ذاتی آزادی اور وقار کے خلاف قرار دیا۔

یہ واقعہ سیاسی حلقوں میں بھی شدید ہلچل کا سبب بن گیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے نتیش کمار کے اس عمل کو شرمناک قرار دیا جبکہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے وزیراعلیٰ کی ذہنی حالت پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کے رویے کو غیر مناسب اور قابلِ مذمت کہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US