یورپی ممالک کے متعدد ایئرپورٹ سائبر حملے کی زد میں، بڑے پیمانے پر فلائٹ آپریشن متاثر

image
یورپی ممالک کے متعدد بڑے ایئرپورٹس پر نصب چیک ان اور بورڈنگ سسٹمز کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد کئی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سمیت برسلز اور برلن کے ایئرپورٹس سائبر حملے کی زد میں آئے ہیں۔

ان ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن میں خلل پیدا ہو گیا ہے جبکہ کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

برسلز ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو چیک ان کرنے اور بورڈنگ پاس جاری کرنے والا خودکار سسٹم ناکارہ ہو گیا ہے جس کے باعث صرف مینول طریقے سے مسافروں کو یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ سائر حملے سے ’بڑے پیمانے پر فلائٹ شیڈیول متاثر ہوا ہے اور بدقستمی سے پروازوں میں تاخیر ہو گی یا پھر منسوخ کرنا پڑیں گی۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلے کو جلد از جل حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ نے بھی ’تکنیکی مسئلے‘ کے باعث پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

متاثرہ ایئرپورٹس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آنے سے پہلے اپنے فلائٹ شیڈیول کی تصدیق کر لیں۔

برلن ایئرپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا کہ ’یورپ بھر سروس فراہم کرنے والے سسٹم میں تکنیکی مسئلے کے باعث چیک ان میں زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ ہم اس کا جلد از جلد حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

ترجمان کے مطابق جرمنی میں فرینکفرٹ ایئرپورٹ سائبر حملے کی زد میں نہیں آیا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US