ڈونلڈ ٹرمپ کی بگرام ایئربیس کے معاملے پر افغانستان کو مبہم دھمکی

image
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’بگرام ایئر بیس واپس نہ دینے کی صورت میں‘ افغانستان کی طالبان حکومت کو سزا دینے کی دھکمی دی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اگر افغانستان بگرام ایئربیس اس کے بنانے والے (یعنی امریکہ) کو واپس نہیں کرے گا، تو بری چیزیں پیش آئیں گی۔‘

امریکی صدر کی جانب سے افغانستان کو یہ مبہم دھمکی ان کی جانب سے بگرام ایئربیس واپس لینے کی کوششوں کے اظہار کے چند دن بعد سامنے آئی ہے۔

بگرام افغانستان کا سب سے بڑا ایئر بیس ہے۔ طالبان کے خلاف امریکی قیادت میں ہونے والی جنگ میں اس ایئربیس کی بنیادی حیثیت تھی۔

یہ ایک وسیع و عریض اڈا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر تنظیموں نے بارہا امریکی افواج پر بگرام میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں بالخصوص واشنگٹن کی مبہم ’وار آن ٹیرر‘ کے دوران قیدیوں سے متعلق۔

بگرام ایئربیس کی چین کے قریب موجودگی کے تناظر میں ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی بگرام تک رسائی کے خاتمے پر افسوس کا اظہار کرتے رہے ہیں لیکن جمعرات کو پہلی مرتبہ انہوں نے عوامی طور پر بتایا کہ وہ اس معاملے پر کام کر رہے ہیں۔

ڈونڈ ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم اسے واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں، ویسے یہ ایک چھوٹی سی بریکنگ نیوز ہو سکتی ہے۔ ہم اسے واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ انہیں ہم سے کچھ چیزیں چاہیے۔‘

امریکی اور نیٹو افواج نے جولائی 2021 میں بگرام سے افراتفری کے عالم میں انخلا کیا جو ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں ہونے والے امن معاہدے کا حصہ تھا۔

طالبان کے خلاف امریکی قیادت میں ہونے والی جنگ میں بگرام ائیربیس کی بنیادی حیثیت تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

یہ اس وقت ہوا تھا جب دوبارہ ابھرنے والے طالبان نے افغانستان کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا اور آخرکار پورے ملک پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری مرتبہ اقتدار میں واپسی کے بعد سے اس ایئربیس کے نقصان پر بار بار تنقید کی اور اسے اپنے پیش رو جو بائیڈن کی افغانستان سے امریکی انخلا کی حکمت عملی سے جوڑا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر بھی بات کی ہے۔

بعد میں سنیچر کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں نے امریکی صدر سے پوچھا کہ کیا وہ بگرام کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے امریکی فوج بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔

’ہم اس بارے میں بات نہیں کریں گے لیکن ہم اس وقت افغانستان سے بات کر رہے ہیں اور ہم اسے واپس چاہتے ہیں اور جلدی چاہتے ہیں، فوراً چاہتے ہیں۔ اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ میں کیا کرنے والا ہوں۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US