کراچی: شہر میں پولیس کی مختلف کارروائیوں کے دوران ڈاکوؤں، بھتہ خوروں اور کار لفٹر گینگ کے خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں سپر ہائی وے مین روڈ پر وائٹ ہاؤس کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو گرفتار کر لیے گئے جن میں سے ایک زخمی ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت وجاہت عرف منو ولد بابر علی اور رضوان ولد دلشاد کے نام سے ہوئی جبکہ ان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پستول، راؤنڈز، موبائل فون، لیپ ٹاپ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری کارروائی میں ایس آئی یو/سی آئی اے پولیس نے ال آصف اسکوائر کے قریب بھتہ خوروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک نامعلوم ملزم کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے دو پستول، راؤنڈز، موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی برآمد کیے۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
ادھر اے وی ایل سی نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو کار لفٹرز کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں ثاقب قریشی اور اس کا ساتھی نعیم الحسن شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تھانہ گارڈن سے چوری شدہ کار سوزوکی مہران نمبر AUX-383 اور دو پستول برآمد ہوئے۔
تفتیشی حکام نے انکشاف کیا کہ ملزم ثاقب قریشی گزشتہ ماہ جیل سے رہائی کے بعد 15 سے 20 گاڑیاں بلوچستان منتقل کر کے فروخت کر چکا تھا۔ اس کا والد اصف منور قریشی بھی اسی گینگ کا حصہ ہے اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے۔ گرفتار نعیم الحسن گاڑیوں کے ٹریکر کاٹنے میں ماہر اور گینگ کا سرگرم رکن ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ اقبال مارکیٹ میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ گینگ کے دیگر کارندوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
سہراب گوٹھ اپڈیٹ
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد احمد شیخ کے مطابق رات گئے ال آصف اسکوائر کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے بھتہ خوروں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ہلاک ملزمان عبدالہادی اور سعید لیاری گینگ وار کے صمد کاٹھیاواڑی گروہ کے اہم کارندے تھے، جن پر بھتے، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل اور بارودی مواد رکھنے سمیت 25 سے زائد مقدمات درج تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان نے چند روز قبل سہراب گوٹھ میں بلاکوں کے تھلے والے سے 50 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا اور فائرنگ بھی کی تھی۔ عبدالہادی ماضی میں بارودی مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار بھی ہو چکا تھا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بھتہ طلبی میں استعمال ہونے والا موبائل فون، سم، اسلحہ، دو پستول، گولیاں اور 125 سی سی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔