امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے غیر رسمی ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں بات چیت کی اور مصافحہ کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کا اہم کردار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں، صدر ٹرمپ نے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بھی امن کے لیے کوششوں کا ذکر کیا۔پاکستان کے وزیراعظم پیر کو جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچے جو کہ مشرق وسطیٰ، یوکرین میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور جنوبی ایشیا کے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان 23 سے 29 ستمبر تک ہو رہا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں بات چیت کی اور مصافحہ کیا۔ (فوٹو: پی ایم ہاؤس)
ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ شہباز شریف کی ملاقات واشنگٹن کے ساتھ پاکستان کے بہتر ہوتے تعلقات کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ جو بائیڈن انتظامیہ کے دوران کئی اہم معاملات پر اختلافات کی وجہ سے اسلام آباد اور واشنگٹن نے ٹرمپ کے جاری دور میں ایک دوسرے کے لیے گرمجوشی اختیار کی ہے۔
پاکستان نے امریکی صدر کی تعریف کی اور 10 مئی کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں ثالثی کے بعد انہیں امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا۔رواں سال کے شروع میں جب ٹرمپ کی جانب سے نئی دہلی کے خلاف تجارتی محصولات کا اعلان کیا گیا تو انڈیا کے ساتھ واشنگٹن کے تعلقات خراب ہونے کے بعد امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں بھی بہتری آئی۔