پنجاب کا اپنا پانی ہے نہریں نکالنے پر آپ کو اعتراض کیوں؟ مریم نواز نے پیپلز پارٹی کو نشانے پر رکھ لیا

image
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیراعلٰی مریم نواز نے اپنی حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی تنقید کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرا پانی، میرا صوبہ اور میرے وسائل ہیں، آپ کو اس سے کیا مسئلہ ہے۔‘

پیر کو فیصل آباد میں ای بس پراجیکٹ کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’مجھے تر نوالہ نہ سمجھیں، اور پنجاب پر بات کرنے کے بجائے خود بھی عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کریں۔‘

سندھ میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر وزیر شرجیل میمن سمیت دیگر نے پنجاب میں ن لیگ کی حکومت پر گزشتہ دنوں تنقید کی تھی۔

مریم نواز نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’پہلے میں بہت چپ رہی۔ پہلے بجلی کے بلوں پر اعتراض کیا۔ نہروں کا مسئلہ بنایا۔ اور اب سیلاب زدگان کی مدد کو مسئلہ بنا رہے ہیں۔‘

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی وزیراعلٰی نے کہا کہ ’میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ پنجاب پر انگلی اٹھانے والوں کی انگلی توڑ دوں گی۔‘

وزیراعلٰی پنجاب نے اپنی اتحادی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ اپنے صوبے کے عوام کی خدمت اپنے وسائل سے کر رہی ہیں تو دیگر صوبوں والے اعتراض کیوں کر رہے ہیں۔

’پنجاب کا اپنا پانی ہے جو پنجاب کے کسانوں کی امانت ہے۔ اگر میں وہاں پر نہریں نکالنا چاہوں تو آپ کو کیا اعتراض ہے۔ کبھی پنجاب نے کہا کہ فلاں صوبہ یہ نہ کرے اور فلاں صوبہ یہ کرے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اول تو وہاں کے لوگوں کو کچھ ملتا نہیں ہے اور اگر ملتا ہے تو پنجاب کے عوام خوش ہوتے ہیں کیونکہ ہم پہلے پاکستانی اور پھر پنجابی، سندھی، بلوچی یا خیبر پختونخوا کے لوگ ہیں۔‘

مریم نواز نے کہا کہ ’جب میں نے پنجاب کے عوام کو بجلی کے بلوں میں 50 ارب روپے کا ریلیف دیا تو آئی ایم ایف کو جا کر میری شکایتیں لگا رہے تھے۔‘

مریم نواز نے کہا کہ اُن کو سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد نہ مانگنے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ فوٹو: سکرین گریب

انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ سندھ میں کوئی کام کریں تو مریم کو خوشی ہوتی ہے مگر کوئی کام کرو تو سہی۔ ملک کے چاروں صوبوں کو اپنی آبادی کے مطابق ایک جیسا پیسہ اور حصہ ملتا ہے۔‘

وزیراعلٰی نے کہا کہ پنجاب میں اگر خدانخواستہ سیلاب آ جائے تو اس کا مداوا بھی اپنے پیسوں سے کرتا ہے۔

’پنجاب نے آپ کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی، آپ بھی مہربانی کر کے پنجاب کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’مجھ پر اور شہباز شریف پر اس وجہ سے تنقید کی جا رہی ہے کہ اتنے بڑے سیلاب کے بعد عالمی دنیا کے سامنے ہاتھ کیوں نہیں پھیلا رہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ کیا آپ کے پاس ہر مسئلے کا حل دنیا میں کشکول لے کر پھرنا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کو جو رقم ملتی ہے وہ بتائیں کہ کہاں لگاتے ہیں۔ ’ہر چیز کا علاج بی آئی ایس پی (بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) نہیں ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US