پاک فوج نے ملکی ماہرین کے تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-4 میزائل 750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی شمولیت سے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
جدید ایویونکس اور نیویگیشنل سسٹمز سے لیس یہ میزائل ٹیرین ہگنگ خصوصیات کے باعث دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینے اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ذریعے پاکستان آرمی کے روایتی میزائل سسٹمز کی رینج، مہارت اور بقا میں مزید بہتری آئے گی۔
کامیاب تجربے کا مشاہدہ چیف آف جنرل اسٹاف، پاک افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں نے کیا۔صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر شریک افسران، جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی۔