کراچی کی سب سے بڑی کچی آبادی، ڈویژن اورنگی ٹاؤن اور سب ڈویژن مومن آباد کے لاکھوں رہائشی گیس بحران کا شکار ہیں۔ گزشتہ چار روز سے غیر اعلانیہ گیس کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
مہنگائی سے پہلے ہی پریشان غریب اور متوسط طبقہ اب گھر کے چولہے جلانے کے لیے گھنٹوں انتظار پر مجبور ہے۔ صبح دفتر جانے سے پہلے اور شام کو واپسی پر ہوٹلوں کے باہر لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں۔
گیس سیلنڈر سے گزارا کرنے والے شہری حادثات کے خطرات سے بھی دوچار ہیں، مگر انتظامیہ اور عوامی نمائندے مکمل طور پر خاموش دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک ذاتی مفاد شامل نہ ہو، کوئی بھی ان کی آواز نہیں بنتا۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس فوری بحال کی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مستقل حل نکالا جائے۔