"ایک بار ایک خاتون مداح میرے گھر آ گئیں اور کہا کہ وہ مجھے اپنا شوہر سمجھتی ہیں اور مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔ میں اتنا حیران ہوا کہ فوراً اوپر جا کر اپنی بیوی ثمینہ کو بلایا اور کہا کہ پلیز آ کر مجھے اس صورتحال سے بچاؤ۔ پھر وہ نیچے آئیں اور مداح سے بات کی، جس کے بعد وہ لڑکی واپس چلی گئی۔"
پاکستانی شوبز کے سپر اسٹار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی نجی زندگی کے دلچسپ قصے بھی بڑے مزے سے سناتے ہیں۔ حال ہی میں ایک شو میں انہوں نے ماضی کے کچھ انوکھے واقعات سنائے جنہیں سن کر ناظرین نہ صرف محظوظ ہوئے بلکہ حیران بھی رہ گئے۔
ہمایوں سعید نے بتایا کہ جوانی کے دنوں میں وہ 18 برس کی عمر میں ایک لڑکی پر فریفتہ ہو گئے تھے۔ اس زمانے میں وہ اپنے چچا کے گھر ٹیوشن پڑھانے جایا کرتے تھے مگر اصل مقصد لڑکی کی ایک جھلک دیکھنا ہوتا۔ وہ چھت پر چڑھ کر اسے دیکھنے کی کوشش کرتے لیکن ایک دن چچا نے یہ راز کھول کر والد کو سب کچھ بتا دیا۔ یہی نہیں، ایک بار وہ صرف ایک نظر دیکھنے کے لیے ٹرین پکڑ کر حیدرآباد تک جا پہنچے۔ یہ سب اس وقت ہوا جب وہ ابھی ثمینہ سے نہیں ملے تھے۔
لیکن شو کا سب سے دلچسپ انکشاف اس وقت ہوا جب ہمایوں نے ایک دیوانی مداح کی کہانی سنائی۔ ان کے مطابق ایک روز ایک خاتون براہِ راست ان کے گھر پہنچ گئیں اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ انہیں اپنا شوہر مانتی ہیں اور ان سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔ اچانک سامنے آنے والے اس عجیب و غریب دعوے پر ہمایوں سعید کا دماغ گھوم گیا۔ انہوں نے گھبرا کر اوپر جا کر اپنی اہلیہ ثمینہ ہمایوں سعید کو بلایا۔
یہاں پر اصل امتحان ثمینہ نے دیا۔ انہوں نے پورے اعتماد کے ساتھ نیچے آ کر اس مداح سے بات کی اور معاملہ ایسے سنبھالا کہ وہ خاتون خاموشی سے چلی گئیں۔ اس طرح ثمینہ نے اپنے شوہر کو ایک انتہائی غیر معمولی اور شرمندہ کن صورتحال سے نکال لیا۔
یہ قصہ سناتے ہوئے ہمایوں سعید خود بھی ہنس پڑے اور حاضرین بھی قہقہے لگانے لگے۔ ایک بار پھر یہ ثابت ہوگیا کہ ثمینہ نہ صرف ان کی زندگی میں نظم و ضبط لے کر آئیں بلکہ مشکل وقت میں بھی ڈھال بن کر ساتھ کھڑی رہتی ہیں۔