سندھ کابینہ اجلاس: گندم اجرا پالیسی، روزگار، تعلیم اور ماحولیات کے لیے بڑے اقدامات

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں 35 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

کابینہ نے گندم اجرا پالیسی 26-2025 کی منظوری دیتے ہوئے آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پالیسی کے تحت 1.265 ملین میٹرک ٹن گندم فلور ملوں اور چکیوں کو 100 کلو بوری کے حساب سے 9 ہزار 500 روپے میں فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ گندم اجرا کا عمل مرحلہ وار اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے اور کسی کو ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہ دی جائے۔

سندھ کابینہ نے سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرِ نو تشکیل کی منظوری دی۔ نیا بورڈ کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔کابینہ نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ سینئر سٹیزن کونسل کی تیسری مدت کے لیے ازسرِ نو تشکیل کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کے فروغ کے لیے کونسل کا کردار مضبوط کیا جائے گا۔

کابینہ نے آغوش اسپیشل چلڈرن ہائر سیکنڈری اسکول کا انتظام پاکستان اسٹیل ملز سے سندھ حکومت کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دی۔فیصلے کے مطابق اسکول کا کنٹرول محکمہ خصوصی تعلیم (DEPD) کو دیا جائے گا جبکہ اخراجات کے لیے 5 کروڑ 34 لاکھ روپے جاری کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ خصوصی بچوں کی تعلیم میں کسی قسم کا تعطل نہ آنے دیا جائے۔

کابینہ نے لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین (LBOD) منصوبے کے 78 ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی۔ ان ملازمین میں الیکٹریشنز، مکینکس اور دیگر عملہ شامل ہے۔یہ فیصلہ سندھ ہائی کورٹ میرپورخاص بینچ کی ہدایت پر کیا گیا جس میں عدالت نے کہا تھا کہ طویل خدمات انجام دینے والے ملازمین مستقلی کے حق دار ہیں۔

فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے کابینہ نے صوبے بھر میں ٹائر پائرولیسز پلانٹس کے آپریشن پر مکمل پابندی عائد کردی۔سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (SEPA) کی سفارش پر لیا گیا یہ فیصلہ ایک ماہ کے اندر عملدرآمد کے لیے منظور کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ ماحولیاتی معیار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

کابینہ نے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں امن و امان کی بحالی اور کچے کے علاقوں میں ریاستی رٹ قائم کرنے کے لیے ڈاکوؤں کے ہتھیار ڈالنے کی پالیسی کی منظوری بھی دی۔پالیسی کے تحت ہتھیار ڈالنے والے افراد اور ان کے خاندانوں کو معاشی تحفظ، تعلیم، صحت اور تربیت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت دی کہ ہتھیار ڈالنے کے عمل کی شفاف نگرانی اور عوامی آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US