پنجاب کابینہ اجلاس: 171 نکات پر ریکارڈ فیصلے، متاثرینِ سیلاب کے لیے تاریخی ریلیف پیکیج

image

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ کا 29 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 171 نکات پر تاریخی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں پنجاب کے حالیہ تاریخی سیلاب، ریلیف آپریشنز، تعلیمی، صحت، مالیاتی اور ماحولیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ متاثرینِ سیلاب کے لیے پنجاب کابینہ نے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف آپریشن اور امدادی پیکیج کی منظوری دی۔ فیصلے کے مطابق سیلاب متاثرین کو 17 اکتوبر سے امدادی چیک تقسیم کیے جائیں گے۔

• جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس ملیں گے۔

• مستقل معذوری کی صورت میں 5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔

• جزوی یا معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

• پکا گھر مکمل گرنے کی صورت میں 10 لاکھ روپے جبکہ جزوی نقصان پر 3 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔

• کچا گھر مکمل تباہ ہونے پر 5 لاکھ روپے اور جزوی نقصان پر ڈیڑھ لاکھ روپے امداد منظور کی گئی۔

• بڑے مویشی کے نقصان پر 5 لاکھ روپے اور چھوٹے جانوروں کے لیے 50 ہزار روپے فی جانور معاوضہ دیا جائے گا۔

• 25 فیصد سے زیادہ فصل نقصان کی صورت میں 20 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جائے گی۔

مزید برآں، 2855 مواضعات میں آبیانہ اور ایگری انکم ٹیکس معاف کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں واضح ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کو ہر حال میں ان کا حق پہنچایا جائے۔ کسی تاخیر یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کابینہ نے سول ڈیفنس رضاکاروں کی خدمات کے اعتراف میں ان کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے ماہانہ اضافہ کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ رضاکار عوام کی خدمت میں صفِ اول پر ہیں، ان کی حوصلہ افزائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

کابینہ نے پنجاب بھر میں 8084 اسکول اور کالج ٹیچنگ انٹرنز کی بھرتی کی منظوری دی۔ مزید برآں، 379 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور 872 سول ججز کی بھرتی کی بھی اجازت دے دی گئی، تاکہ عدالتی نظام کو مؤثر بنایا جاسکے۔

اسی طرح اوورسیز پاکستانی طلبہ کے لیے ایم بی بی ایس کی فیس 10 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی جبکہ دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان لازمی قرار دے دیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے کئی اہم مالیاتی فیصلے کیے گئے:

• سولر بجلی کے نرخوں میں 2 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری۔

• رینٹ اے کار سروس پر ٹیکس کم کر کے 15 فیصد کر دیا گیا۔

• ایل ڈی اے کو بیوٹی پارلرز پر ٹیکس لگانے سے روکنے کی ہدایت۔

اجلاس میں ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے لیے 444 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی تاکہ صوبے میں ماحولیاتی تحفظ کے عمل کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اسی طرح کھیلتا پنجاب پروگرام کے تحت ایتھلیٹس کو ای-بائیکس دینے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

کابینہ نے لاہور میں راشن کارڈ پائلٹ پراجیکٹ اور انٹرسٹ فری الیکٹرک ٹیکسی منصوبے کی بھی منظوری دی۔ یہ منصوبے عوامی سہولت اور پائیدار ٹرانسپورٹیشن کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US