وزیراعظم کا اسٹارٹ اپس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ پر زور

image

وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت کمپنی کے کوفاؤنڈر اور چیئرمین تھامس ساؤ نے کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان معاشی تعلقات میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان،ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جو دونوں ممالک کے بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کو ایک ون ونڈو سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری میں رکاوٹیں ختم ہوں۔

شہباز شریف نے پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر گوبی پارٹنرز کے اعتماد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری سہولت، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور پالیسی اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح بین الاقوامی اور ملکی سرمایہ کو متحرک کر کے ایک پائیدار اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام قائم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈیجیٹل معیشت، فن ٹیک، ای کامرس اور آئی ٹی خدمات قومی ترقی کی حکمت عملی کا مرکزی حصہ ہیں اور پاکستان ان شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US