صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مقامی صحافی طفیل رند کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول طفیل رند میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری تھے۔سندھ کے وزیراعلٰی مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی پولیس کے سربراہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔وزیراعلٰی سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کے مطابق مراد علی شاہ نے صحافی طفیل رند کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔بدھ کو وزیراعلٰی کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ صحافیوں پر حملے آزادیٔ صحافت پر حملے ہیں۔’وزیراعلٰی نے گھوٹکی میں صحافی طفیل رند کے قتل پر اظہارِ افسوس کیا اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔‘بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے اور طفیل رند کے قتل کی غیرجانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں۔پولیس نے بتایا کہ طفیل رند پر میرپور ماتھیلو شہر کے علاقے جروار روڈ مسو واہ میں فائرنگ کی گئی۔ ’طفیل رند بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔‘پولیس کے مطابق مقتول صحافی کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کی گئی۔