بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق ہو گیا۔
ایس ایس پی نصیرآباد کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ریلوے گینک مین کی شناخت امداد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ شہید گینک مین ریلوے لائن پر پیٹرولنگ کر رہا تھا جب اچانک دھماکا ہوا۔
حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو احتیاطی طور پر جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل ٹیم کو جعفرآباد سے طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے مواد کا تعین کیا جا سکے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ریلوے انتظامیہ نے متاثرہ ٹریک کی مرمت اور ٹرین سروس کی بحالی پر کام شروع کر دیا ہے۔