پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریکِ لبیک پاکستان کے مارچ کے پیشِ نظر شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
مذہبی جماعت تحریکِ لبیک پاکستان نے 10 اکتوبر کو اسلام آباد میں ’لبیک یا اقصیٰ ملین مارچ‘ کے نام سے احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
وزارت داخلہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ جاری کیا تھا۔مراسلے میں کہا گیا تھا کہ جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس گزشتہ رات 12 بجے سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل رہے گی۔جمعرات کو راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں 11 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ شہر میں 11 اکتوبر تک ہر قسم کے احتجاج، دھرنے، جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد رہے گی۔نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا تھا کہ موجودہ صورتحال میں حساس اور اہم تنصیبات کے قریب پر تشدد کاروائیوں کا خدشہ ہے۔