وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب سے قبل پی ٹی آئی کا بڑا فیصلہ، اراکینِ کو خصوصی ہدایات

image

خیبر پختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف نے اپنے اراکینِ صوبائی اسمبلی کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ سیاسی ہلچل یا اراکین کے غائب ہونے کے خدشے سے بچا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ملک میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ یہ اقدامات وزیراعلیٰ کے انتخاب کےمرحلے میں اراکین کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض حلقوں کی جانب سے اراکینِ اسمبلی کو توڑنے یا انحراف پر آمادہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اب تک کوئی بھی رکن پارٹی سے علیحدہ نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اراکین کو آزاد قرار دیا ہے جس کے باعث اگر کوئی رکن سہیل آفریدی کو ووٹ نہ بھی دے تو وہ نااہلی کے زمرے میں نہیں آئے گا۔

صوبائی صدر پی ٹی آئی جنید اکبر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایم پی ایز ملک میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اگر کسی سیاسی جماعت کی جانب سے رابطہ ہو تو فوری طور پر قیادت کو آگاہ کریں بصورتِ دیگر پارٹی سخت کارروائی کرے گی۔

جنید اکبر کے پیغام کے بعد اراکینِ صوبائی اسمبلی نے پارٹی قیادت سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کا مرحلہ انتہائی اہم ہے اور پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ اس موقع پر اپنے تمام 92 اراکین کی حاضری یقینی بنائی جائے گی تاکہ سہیل آفریدی کو کامیاب کروایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US