اسلام آباد: مذہبی جماعت کے احتجاج کے اعلان کے باعث معطل کی گئی انٹرنیٹ سروس بحالی کی جانب گامزن ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر سروس کی رفتار تاحال متاثر ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر گزشتہ روز جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروس بند کی گئی تھی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔ انٹرنیٹ کی بندش کے باعث شہریوں، طلبہ اور آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بعد صارفین نے سوشل میڈیا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم بعض علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک نیٹ ورک مکمل طور پر بحال نہیں ہوا۔
انتظامیہ کے مطابق صورتحال پوری طرح معمول پر آنے کے بعد جلد تمام علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔