وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی داخلی سلامتی، امن و امان کی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور سیکیورٹی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ صورتحال اور وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات، داخلی سیکیورٹی کے مؤثر نظام، اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارتِ داخلہ اور اس کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ امن و امان کے قیام کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کا پختہ عزم ہے، اور اس ضمن میں وفاقی و صوبائی ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ عوام کے تحفظ اور ملک کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت اور مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔