غزہ امن سربراہی اجلاس، وزیراعظم شہباز شریف اعلٰی سطح وفد کے ہمراہ مصر روانہ

image

شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس اور غزہ کی سنگین صورتحال کے خاتمے کے لیے طے پانے والے امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف مصر روانہ ہو گئے ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق وہ یہ دورہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر کر رہے ہیں جو اس سربراہی اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

صدر السیسی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔

اس اجلاس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جنگ کا خاتمہ، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی کوششوں کو فروغ دینا، اور علاقائی سلامتی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔

شرم الشیخ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے گزشتہ ماہ ہونے والے اجلاس کے موقع پر شروع ہونے والی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلٰی وزراء بھی اس دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US