خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب آج شام 4 بجے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے وزیراعلیٰ ہاؤس کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی رات گئے کراچی سے پشاور پہنچ گئے۔ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے گورنر کو آج شام 4 بجے تک وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا حکم جاری کیا تھا۔
اس سے قبل اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے گورنر کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اگر گورنر مقررہ وقت میں حلف نہیں لیتے تو آئین کے مطابق اسپیکر کے پاس وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا اختیار ہوگا۔
ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ موجود تھے جہاں بلاول بھٹو نے انہیں پشاور جانے اور عدالتی حکم پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی۔
گورنر ہاؤس کے ذرائع کے مطابق تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ تقریب میں صوبائی کابینہ کے اراکین، اعلیٰ حکام اور پارٹی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔