آغا سراج درانی کا انتقال، ’وفاداری، وقار اور جمہوری جدوجہد کی علامت‘

image

سندھ کی سیاست میں بردباری، وقار اور اصول پسندی کی پہچان سمجھے جانے والے آغا سراج خان درانی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔

آغا سراج خان درانی نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تھے بلکہ سندھ اسمبلی کے طویل عرصے تک سپیکر رہنے والے ان چند شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے ایوان کے وقار، جمہوریت کی پاسداری اور پارلیمانی روایات کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔

ان کا شمار سندھ کی سیاست کے ان رہنماؤں میں ہوتا تھا جنہوں نے ضیا الحق کے دور میں سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا اور پیپلز پارٹی کے پرچم تلے عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنایا۔

ان کا سیاسی سفر تین دہائیوں سے زیادہ پر محیط رہا جس میں انہوں نے مختلف ادوار میں نہ صرف اسمبلی رکن کی حیثیت سے کردار ادا کیا بلکہ پارلیمانی نظام کے استحکام میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔

ان کا تعلق ضلع شکارپور کے ایک بااثر سیاسی خاندان سے تھا، جن کے والد آغا صادق درانی بھی صوبائی سطح پر نمایاں سیاسی کردار رکھتے تھے۔

آغا سراج درانی نے اسی سیاسی وراثت کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ اپنی بردباری اور متوازن رویے سے پارٹی کے اندر بھی احترام حاصل کیا۔

بطور سپیکر، ان کا انداز سخت مگر شائستہ تھا۔ وہ اکثر اسمبلی اجلاسوں میں اراکین کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر گفتگو کرنے کی تلقین کرتے اور کہتے تھے کہ ’ایوان کا وقار، اراکین کے رویے سے قائم رہتا ہے‘

یہی وہ سوچ تھی جس کی وجہ سے ان کے دور میں سندھ اسمبلی کو نسبتا فعال اور مؤثر قرار دیا جاتا رہا۔

آغا سراج درانی کا سیاسی سفر تین دہائیوں سے زیادہ پر محیط رہا (فوٹو: فیس بک، آغا سراج درانی)

آغا سراج درانی کی سیاسی زندگی میں آزمائشوں کا سلسلہ بھی کم نہ رہا۔ انہیں نیب مقدمات، گرفتاریوں اور مقدمات کا سامنا رہا مگر وہ ہمیشہ پارٹی کے ساتھ وفادار رہے۔

ان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق انہوں نے مشکل ترین وقت میں بھی قیادت پر اعتماد کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ آغا سراج درانی پارٹی کے ان ستونوں میں سے تھے جنہوں نے ہمیشہ اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی۔

بلاول بھٹو سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے آغا سراج درانی کے انتقال کر دکھ کا اظہار کیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا، پی پی)

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں موجود اراکین نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ درانی صاحب کا ایوانی نظم، گفتگو کا وقار اور رواداری کی سیاست ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

آغا سراج درانی کی سیاست دراصل اس رواداری کی عکاس تھی جو سندھ کی سیاسی روایات کا حصہ رہی ہے۔ ان کے چاہنے والے انہیں ایک شفیق مگر مضبوط عزم رکھنے والے سیاستدان کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ ایک ایسا رہنما جو مخالفت کے باوجود احترام کی حد پار نہیں کرتا تھا۔

ان کی تدفین ان کے آبائی شہر شکارپور میں کی جائے گی جہاں پارٹی کے کارکنان، پارٹی رہنما اور عوام انہیں الوداع کہیں گے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US