ٹھٹھہ: جنگشاہی کے قریب آوارہ کتوں کا حملہ، 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی

image

ٹھٹھہ: جنگ شاہی کے قریب گوٹھ محمد حسن پلیجو میں آوارہ کتوں نے 2 بچوں سمیت 4 افراد کو کاٹ لیا۔

زخمی بچوں میں صادر پلیجو اور میرجان کے علاوہ نظیر پلیجو اور وزیر پلیجو شامل ہیں جنہیں رورل ہیلتھ سینٹر جنگشاہی منتقل کردیا گیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جنگشاہی کے مختلف دیہات میں آوارہ اور پاگل کتے دندناتے پھر رہے ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے تاحال کتا مار مہم شروع نہ کی جاسکی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاگل کتوں کے جھنڈ آئے روز معصوم بچوں پر حملہ کر کے انہیں بھنبھوڑ رہے ہیں تاہم انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی، انہوں نے کہا کہ کتوں سے خوفزدہ بچے اسکول نہیں جا سکتے۔ آوارہ کتوں کے باعث ہمارے معصوم بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے اب بھی کتا مار مہم شروع نہیں کی تو شدید احتجاج کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US