پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
اہلِ خانہ کے مطابق آغا سراج درانی کو عارضۂ قلب لاحق تھا اور طبیعت بگڑنے پر ایک ماہ قبل انہیں کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ مسلسل زیرِ علاج رہے۔
آغا سراج درانی 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک اسپیکر سندھ اسمبلی کے عہدے پر فائز رہے جبکہ وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ پیپلز پارٹی کے تجربہ کار اور بااثر رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔
ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔صدر مملکت اور وزیراعظم نے آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی و جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آغا سراج درانی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور پارلیمان کے وقار کے لیے کردار ادا کیا۔
آغا سراج درانی کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق اعلان بعد میں کیا جائے گا۔