شہباز شریف مجھے ’لاکھوں زندگیاں بچانے‘ کا کریڈٹ دیتے ہوئے جذباتی ہو گئے: صدر ٹرمپ

image
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز وائٹ ہاؤس میں ایک عشائیے کے دوران اپنے امن قائم کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مذاقاً کہا کہ انہیں نوبیل انعام نہیں ملا۔

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف اُنہیں لاکھوں جانیں بچانے کا کریڈٹ دیتے ہوئے ’جذباتی‘ ہو گئے۔

وینیزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچادو، جو 58 سالہ صنعتی انجینئر ہیں، کو گزشتہ ہفتے امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا۔

وائٹ ہاؤس کے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف حال ہی میں اُن سے ملے اور ایک گروپ کے سامنے جذباتی انداز میں کہا کہ انہوں نے کئی جنگیں رکوا کر لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’درحقیقت، پاکستان کے وزیرِاعظم آئے اور انہوں نے مجھ سے کہا، اور وہ اس بارے میں جذباتی تھے۔ لوگوں کے ایک گروپ کے سامنے انہوں نے کہا اس شخص نے 30 لاکھ، 50 لاکھ، شاید ناقابلِ شمار زندگیاں بچائیں۔‘

’اور یہ حال ہی میں ہوا ہے، اور ہم نے اس طرح کے کئی اقدامات کیے۔ اور ان میں سے ایک وجہ تجارت بھی تھی۔‘

اسی ہفتے غزہ جنگ بندی معاہدے کی دستاویز پر دستخط کی تقریب میں شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی ’مثالی قیادت‘ کی تعریف کی۔

مصر کے تفریحی شہر شرم الشیخ میں ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہو شہباز شریف نے کہا کہ ’آج کا دن جدید تاریخ کے عظیم ترین دنوں میں سے ایک ہے، کیونکہ امن قائم ہو چکا ہے، صدر ٹرمپ کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں جو واقعی امن کے علمبردار ہیں، جنہوں نے دن رات کام کر کے اس دنیا کو امن و خوشحالی کی جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کی۔‘

شہباز شریف نے مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ فوجی تصادم میں جنگ بندی کرانے پر ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کی حمایت کر کے امریکی صدر کی نظرِ کرم حاصل کی تھی۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US