کیا سہیل آفریدی واقعی ’ورکرز کے وزیراعلیٰ‘ ثابت ہوں گے؟

image

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی منگل کے روز تقریب حلف برداری میں پہلی مرتبہ عام ورکرز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقعے پر گورنر ہاوس پبلک پارک کا منظر پیش کر رہا تھا۔ گورنر ہاؤس کا لان کارکنوں اور عام شہریوں سے بھر گیا تھا۔ 

نومنتخب وزیراعلیٰ کو مبارک باد پیش کرنے کے لیے قبائلی عوام گورنر ہاؤس کی بیرونی سڑکوں پر کھڑے ہو کر انتظار کر رہے تھے جب کہ گورنر ہاؤس کو جانے والی دونوں شاہراہوں جی ٹی روڈ اور میوزیم روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی تھیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حلف اٹھانے کے بعد تقریب میں شریک ہر فرد سے ملاقات کی۔ انہوں نے اراکین پارلیمان، پارٹی رہنماؤں، بیوروکریٹس اور سنیئیر کارکنوں سے ملنے کے بعد ہر عام کارکن سے ملاقات کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعلیٰ اپنے کارکنوں اور شہریوں میں گھل مل گئے، مبارک باد وصول کی اور سیلفیاں بنوائیں۔

تقریب میں شریک پی ٹی آئی کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ ’خیبرپختونخوا میں اس سے قبل پی ٹی آئی کے تین وزراء اعلیٰ گزرے ہیں مگر کارکنوں سے اس قدر قربت اور محبت کا اظہار کسی نے نہیں کیا جتنا سہیل آفریدی نے کیا۔‘

کارکنوں کا کہنا تھا کہ ’سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے ہیں مگر اس وہ اس کے باوجود ہر کارکن کے ساتھ کھڑے ہو کر مصافحہ کر رہے تھے اور دوستوں کی طرح بات چیت کر رہے تھے۔‘ 

پی ٹی آئی کے کارکنوں کا مزید کہنا تھا کہ ’سہیل آفریدی کی عوامی پذیرائی کی بڑی وجہ ان کی نرم مزاجی اور خوش اخلاقی ہے۔‘

سینیئر کارکن تمیز الدین کے مطابق سہیل آفریدی اپنے حسنِ اخلاق کی وجہ سے مشہور ہیں۔ وہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن(آئی ایس ایف) کے دور سے سب کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ’سہیل آفریدی نے طلبہ سیاست میں بھی کبھی کسی ورکر کو حقیر نہیں سمجھا اور نہ پارلیمانی سیاست میں آنے کے بعد ورکرز کی بے قدری کی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سہیل آفریدی نے کارکنوں سے ملاقات کی اور ان سب کا شکریہ ادا کیا۔میں سمجھتا ہوں کہ سہیل آفریدی پی ٹی آئی کے مقبول وزیراعلیٰ ثابت ہوں گے۔‘

پروفیسر ڈاکٹر محمد نجیب کے مطابق سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کا بڑا مقصد عوامی اعتماد کو بحال کرنا ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

سہیل آفریدی کے بارے میں عوامی رائے بھی کارکنوں سے کچھ مختلف نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’سہیل آفریدی ایک عام کارکن سے وزیراعلیٰ کے منصب تک پہنچے ہیں۔ وہ کسی جاگیردار یا سیاست دان کے بیٹے نہیں ہیں۔ ان کا مزاج عوامی ہے اور وہ عام شہری کی طرح سوچتے ہیں۔‘ 

عوامی حلقوں کی رائے ہے کہ سہیل آفریدی عوامی انداز میں حکومت کا آغاز کر چکے ہیں۔ وہ اگر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیں تو ان کی عوامی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گا۔‘

علی امین گنڈا پور اور سہیل آفریدی میں فرق 

سینیئر صحافی محمد فہیم کے مطابق سہیل آفریدی ایک گراؤنڈ ورکر ہے اور ورکر ہی رہیں گے۔ وہ اس سے قبل کبھی وزیر نہیں رہے۔ وہ آج بھی ایک ورکر کی پوزیشن پر کھڑے ہیں اور اس پوزیشن میں رہ کر وہ حکومت کو کیسے چلاتے ہیں یہ ایک بڑا چیلنج ہوگا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سہیل آفریدی کی شخصیت میں بالکل تبدیلی نہیں آئی۔ ان کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے سے سب سے زیادہ ورکرز کو ہی فائدہ ہو گا کیوں کہ عزت بھی ملے گی اور وقت بھی دیا جائے گا۔‘ 

محمد فہیم کا مزید کہنا تھا کہ ’سہیل آفریدی نے کارکنوں کے ساتھ اپنا رشتہ قائم رکھا ہوا ہے جس سے ان کے ایک عوامی رہنما ہونے کا تأثر نمایاں ہوتا ہے۔‘

انہوں نے کہا  کہ ’کارکنوں کے کام کرنے کے ساتھ ساتھ سہیل آفریدی گورننس کو کیسے بہتر بناتے ہے یہ ایک امتحان ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کس طرح ان سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔‘

صحافی محمد فہیم کے مطابق سہیل آفریدی ایک گراؤنڈ ورکر ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

شعبہ پولیٹیکل سائنس کے ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد نجیب کا موقف ہے کہ ’سہیل آفریدی کا تعلق قبائل علاقے سے ہے۔ میل جول رکھنا اور خوش اخلاقی قبائلی لوگوں کا شیوہ ہے۔ وہ چوں کہ قبائل سے پہلے وزیراعلیٰ ہیں تو اس لیے انہوں نے اپنے قبائلی طور طریقے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے عوام سے دور ہوگئے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سہیل آفریدی پروٹوکول کلچر کے عادی نہیں ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عام شہریوں کی ان تک رسائی آسان ہو گی۔‘

پروفیسر ڈاکٹر محمد نجیب کے مطابق سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کا بڑا مقصد عوامی اعتماد کو بحال کرنا ہے۔ عمران خان نے سہیل آفریدی کو اوپنر بیٹس مین کہا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سہیل آفریدی کو بہت ہی سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’دہشت گردی کی وجہ سے قبائلی عوام میں بےچینی کے ساتھ مایوسی پھیلی ہوئی ہے ایسے ماحول میں سہیل آفریدی اپنے دھیمے مزاج اور خوش اخلاقی سے عوام میں اعتماد کی فضا پیدا کر سکتے ہیں۔‘

پروفیسر محمد نجیب کے مطابق علی امین گنڈاپور کی شخصیت رعب دار تھی تو کارکن اور عوام ان سے ملاقات کرتے ہوئے ہچکچاتے تھے تاہم سہیل آفریدی کی شخصیت ان کی مقبولیت کا باعث بنے گی-


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US