پاکستان، ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ سیریز: سیکیورٹی انتظامات مکمل، ٹریفک پلان بھی جاری

image

پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد جاری ہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق، 5500 سے زائد پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ شہریوں اور کھلاڑیوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 367 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو سٹیڈیم کے اطراف اور اہم راستوں پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ سینئر افسران فیلڈ میں موجود فورس کو چیک اور بریف کر رہے ہیں، جبکہ روف ٹاپس پر اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی کے کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، جس کے لیے ایک الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی کے ساتھ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ بھی اسٹیڈیم کے اطراف مسلسل گشت کر رہی ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے موثر ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ میچ کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہری تعاون کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے 20 اکتوبر تا 29 اکتوبر 2025 کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ سیریز کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 20 اکتوبر سے 29 اکتوبر 2025 تک شیڈول میچز کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق، کرکٹ ٹیموں کی اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک موومنٹ کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک میں عارضی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 310 افسران کو سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق مارگلہ روڈ سے کھنہ کی طرف جانے والے شہری فیصل ایونیو، بلیو ایریا، کلب روڈ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔ سیکٹرز G-9، G-10، G-11 اور ترنول کی طرف سفر کرنے والے شہری فیصل ایونیو سے F-10 والا روڈ استعمال کریں۔

راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے شہری پشاور موڑ سے سری نگر ہائی وے استعمال کریں۔ آئی جے پی روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو سبزی منڈی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق، سروس روڈز پر ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے موجود رہیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران صبح کے دفتری و اسکول اوقات اور شام کے رش کے اوقات میں ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رش کے اوقات میں سفر کے لیے اضافی وقت کے ساتھ نکلیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ایف ایم ریڈیو 92.4 کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال سے باخبر رکھے گی، کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پکار 15 یا ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US