اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے امریکا میں ’’ون ورلڈ اسکواش فاؤنڈیشن‘‘ کا افتتاح کردیا

image

دنیا کے مایہ ناز اسکواش لیجنڈ اور چھ مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان نے امریکا کے شہر فلاڈیلفیا میں ’’ون ورلڈ اسکواش فاؤنڈیشن‘‘ کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ یہ فاؤنڈیشن عالمی سطح پر اسکواش کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔

افتتاحی تقریب K2 اسکواش فلاڈیلفیا میں منعقد ہوئی، جس میں اسکواش کے کھلاڑیوں، کوچز، اور شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز جہانگیر خان کی جانب سے ربن کاٹنے سے ہوا، جس کے بعد فاؤنڈیشن کا افتتاح باقاعدہ طور پر عمل میں آیا۔

تقریب کے دوران ایک نمائشی میچ (لیجنڈز نیشنل اسکواش لیگ) بھی کھیلا گیا، جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں میں کھیل کے فروغ اور بہتر کارکردگی کے جذبے کو ابھارنا تھا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان، جو فاؤنڈیشن کے صدر بھی ہیں، نے کہا ’’ہمارا مقصد ان کھلاڑیوں کی مدد کرنا ہے جو امریکا آ کر اپنی اسکواش کی مہارتوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ یہ فاؤنڈیشن ان کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں گے۔‘‘

انہوں نے اعلان کیا کہ ’’ون ورلڈ اسکواش فاؤنڈیشن‘‘ مارچ 2026 میں K2 اسکواش فلاڈیلفیا میں $15,000 مردوں کی اور $6,000 خواتین کی پروفیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے مواقع فراہم کرنا اور اسکواش کے فروغ میں نئی توانائی پیدا کرنا ہے۔

جہانگیر خان نے اس موقع پر کرامت اللہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے امریکا میں اسکواش کے فروغ کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’کرامت اللہ کی انتھک محنت، وژن اور عزم نے اس فاؤنڈیشن کو حقیقت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی کاوشوں سے مزید نوجوان کھلاڑیوں کو ترقی کے شاندار مواقع حاصل ہوں گے۔‘‘

تقریب کے اختتام پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں جہانگیر خان، مالک K2 اسکواش کرامت اللہ اور کوچ نوید عالم نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے ’’ون ورلڈ اسکواش فاؤنڈیشن‘‘ کے کامیاب آغاز کو اسکواش کے عالمی فروغ کے ایک نئے باب سے تعبیر کیا۔

تقریب میں شریک کھلاڑیوں اور مہمانوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فاؤنڈیشن نہ صرف امریکا بلکہ دنیا بھر میں اسکواش کے فروغ کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم ثابت ہوگی، جہاں نئے ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی تربیت اور مواقع میسر آئیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US