اپوزیشن ارکان کی اکثریت نے محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے درخواست قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروا دی ہے۔
یہ درخواست پی ٹی آئی کے چیف وہپ اور رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور اسد قیصر نے منگل کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی۔
عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ ’درخواست پر 74 ارکان قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں اور انہوں نے محمود اچکزئی کو فوری طور پر اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اہم آئینی نشست طویل عرصے سے خالی ہے اور حزب اختلاف کے ارکان کی اکثریت محمود اچکزئی کے ساتھ ہے، لہٰذا بطور اپوزیشن لیڈر ان کے تقرر کا نوٹی فیکیشن جاری کیا جائے۔‘
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان کے 9 مئی کے مقدمات میں نااہل ہونے سے خالی ہوا تھا۔
سابق وزیرِاعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے اس عہدے کے لیے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کو نامزد کر رکھا ہے۔