معاشی عدم استحکام یا عالمی منڈیوں میں بحران کے دوران کئی لوگ اکثر سونے کا رُخ کرتے ہیں کیونکہ وہ اسے محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔
حالیہ عرصے کے دوران سونے کی قیمتوں میں تیزی آئی ہےمعاشی عدم استحکام یا عالمی منڈیوں میں بحران کے دوران کئی لوگ اکثر سونے کی خریداری کی طرف رُخ کرتے ہیں کیونکہ وہ اسے محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔
گذشتہ ہفتوں کے دوران مرکزی بینکوں، مالیاتی اداروں اور انفرادی سرمایہ کاروں نے وسیع پیمانے پر سونا خریدا ہے۔
اجتماعی طور پر یہ رجحان سونے کی قیمتوں کو نئی بلندی تک لے گیا ہے۔ صرف سنہ 2025 کے دوران اس کی قیمت میں 60 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
مگر کسی عام شخص کو سونا خریدتے یا بیچتے وقت کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جیسے سونا کب خریدنا چاہیے؟ یا سونا فروخت کرتے وقت آپ کو کن پوشیدہ اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے؟
اگر آپ سرمایہ کاری کے لیے سونا خرید رہے ہیں تو اس کی ڈیجیٹل قسم پر بھی غور کریںسونے خریدتے وقت آپ کو اِن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے:
اصل سونا خریدنا چاہیے یا اس کی ڈیجیٹل قسم؟
اگر آپ سرمایہ کاری کے لیے سونا خرید رہے ہیں تو اس کی ڈیجیٹل قسم پر بھی غور کریں۔
ڈیجیٹل گولڈ، گولڈ فنڈ یا گولڈ بانڈ سے آپ سونے کی تمام خصوصیات کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور آپ اس کی تیاری اور اسے ذخیرہ کرنے جیسے اضافی اخراجات سے بچ سکتے ہیں۔
عام طور پر سونا روزمرہ استعمال کے باعث اپنی قدر کھو سکتا ہے اور اسے نقصان پہنچ سکتا ہے مگر ڈیجیٹل گولڈ کے لیے ایسا کوئی خطرہ نہیں۔
زیورات، بار یا سکّوں کی صورت میں موجود فزیکل گولڈ ان ہی کے لیے بہتر ہے جو اسے کسی تقریب یا پُرمسرت موقع کے لیے خریدنا چاہتے ہیں۔
کیا جیولر دوبارہ خریدنے کی ضمانت دیتا ہے اور اس کی واپسی کی پالیسی کیا ہے، آپ کو یہ معلوم ہونا ضروری ہے سونا کتنا خالص ہے، یہ کیسے معلوم کیا جائے؟
یہ ضروری نہیں کہ ہر قسم کا سونا اپنی سب سے خالص حالت 24 قیراط کا ہو، خاص کر اگر یہ کسی زیور کی شکل میں ہے۔
خالص 24 قیراط سونا زیورات بنانے کے لیے موزوں نہیں ہوتا کیونکہ یہ بہت نرم ہوتا ہے۔ اسے صرف سرمایہ کاری کے لیے گولڈ بار یا سکوں کی شکل میں بیچا جاتا ہے۔
زیورات بنانے کے لیے سونے کو مختلف دھاتوں کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔ سونے کے زیورات اکثر 18 سے 21 قیراط کے ہوتے ہیں۔
سونا خریدتے وقت آپ دکاندار سے پوچھ سکتے ہیں کہ یہ کتنا خالص ہے، اس پر لگی باقاعدہ مہر دیکھ سکتے ہیں یا اس کی سرٹیفیکیشن بھی طلب کر سکتے ہیں۔ سونے کے بارے میں یہ مخصوص معلومات بھی موجود ہوتی ہے کہ اس کا وزن کتنا ہے، یہ کتنا خالص ہے، اس کی فی گرام کیا قیمت ہے اور اس پر کون سے اضافی اخراجات یا ٹیکس لاگو ہوں گے۔
یہ ریکارڈ سونے کی فروخت یا اس میں رد و بدل کے وقت کارآمد ثابت ہوتا ہے۔
بعض جیولر آپ کو سونا فروخت کرتے وقت اسے دوبارہ خریدنے کی ضمانت بھی دیتے ہیں۔ ایسے کسی جیولر کو ترجیح دی جا سکتی ہے کیونکہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فروخت کنندہ اپنے سونے کے خالص ہونے کے بارے میں کتنا پُراعتماد ہے۔
آپ کو صرف لائسنس یافتہ یا قابل اعتماد جیولر سے سونا خریدنا چاہیےصرف قابل اعتماد ذرائع سے سونا خریدیں
چاہے آپ فزیکل یا ڈیجیٹل گولڈ خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہمیشہ قابل اعتماد یا لائسنس یافتہ فروخت کنندہ تلاش کریں۔
غیر تصدیق شدہ آن لائن پلیٹ فارم سے خریداری سے گریز کریں، خاص کر وہ جو محدود مدت کی بہترین پیشکش دے رہے ہوں۔
صارفین کے ریویوز کا معائنہ کریں، قیمتوں میں شفافیت کی تسلی کریں، مناسب رسید طلب کریں اور ان کی ریٹرن پالیسی بھی دیکھیں۔
سونے کی قیمت میں روزانہ اُتار چڑھاؤ آتا ہے۔ اس لیے قابل اعتماد ذرائع سے آفیشل ریٹ ضرور چیک کریں جیسے بینک، صرافہ بازار، حکومتی ویب سائٹس یا دھات کی تجارت کی کوئی ایسوسی ایشن۔
سونا خریدنے سے قبل مختلف جیولرز سے قیمتوں کا موازنہ کریں۔
سونے سے متعلق اضافی اخراجات جیسے بنانے کی قیمت کو بھی مدنظر رکھنا چاہیےسونے کی تیاری کے اخراجات کو مدنظر رکھیں
سونے کے زیورات کی قیمت میں تیاری کے اخراجات بھی شامل کیے جاتے ہیں جو کل قیمت کا پانچ فیصد سے لے کر 25 فیصد تک ہو سکتے ہیں۔
جب آپ اسے فروخت کریں گے تو تیاری کے اخراجات شامل نہیں کیے جائیں گے۔ لہذا بنانے کی زیادہ قیمت اس کی ری سیل قدر پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
زیورات فروخت کرتے وقت آپ کو صرف سونے کے وزن کی قدر کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔ لہذا مینا کاری اور قیمتی پتھر بھی ری سیل میں فائدہ مند ثابت نہیں ہوں گے۔
سونا خریدتے یا بیچتے وقت ٹیکس کا حساب لگائیں۔ یہ فزیکل اور ڈیجیٹل دونوں طرح کے گولڈ کی قیمت کو متاثر کر سکتا ہے۔
جب بھی سونے کی قیمت نئے ریکارڈ قائم کرتی ہے تو لوگ اسے بیچنے کے بارے میں سوچتے ہیں۔ ایسا کرنے سے پہلے آپ کو یہ باتیں یاد رکھنی چاہییں:
قابل اعتماد ذرائع سے سونے کی اس دن کی قیمت کی تصدیق کریںسونے کا موجودہ مارکیٹ ریٹ معلوم کریں
سونا بیچنے وقت سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کا موجودہ مارکیٹ ریٹ کیا ہے اور خریدار اس قیمت میں سے کتنی کٹوتی کرنا چاہتا ہے۔
اس سے پہلے کہ آپ ایک خریدار چُنیں کریں، آپ کو مختلف خریداروں کی پیشکش سننی چاہیے اور اسی شخص کو فروخت کرنا چاہیے جو سب سے بہتر قیمت کی پیشکش کرے جو مارکیٹ ریٹ کے مطابق ہو۔
ڈیجیٹل گولڈ کی صورت میں آپ کو ٹیکس کی صورت میں اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو خرید و فروخت پر لاگو ہوتے ہیں۔
وقت کے ساتھ سونے کے وزن میں کمی آ سکتی ہے کیونکہ یہ جِلد، پسینے، ہوا، پانی اور کیمیکلز سے متاثر ہوتا ہےآپ کو کٹوتی کا تناسب معلوم ہونا چاہیے
خریدار آپ کے سونے میں سے مختلف آپریشنل وجوہات، قیمت میں اتار چڑھاؤ اور منافع کی شرح سے متعلق اخراجات کی کٹوتی کر سکتا ہے۔ آپ کو اس سلسلے میں کمیشن، ہینڈلنگ اخراجات، ریفائننگ یا دیگر اخراجات کا علم ہونا چاہیے۔
مثلاً بعض خریدار ریفائننگ یا سروس چارجز کی مد میں ایک سے تین فیصد تک کی کٹوتی کرتے ہیں۔
یاد رکھیں کہ زیورات کی صورت میں سونا خریدتے وقت آپ نے تیاری کے اخراجات اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادا کیے ہوتے ہیں۔ مگر اسے فروخت کرتے وقت انھیں مدنظر نہیں رکھا جاتا۔
آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ فروخت کے وقت سونے کے زیورات کا وزن پہلے خریداری کے مقابلے کم ہو سکتا ہے۔
وقت کے ساتھ سونے کے وزن میں کمی آ سکتی ہے کیونکہ یہ جِلد، پسینے، ہوا، پانی اور کیمیکلز سے متاثر ہوتا ہے۔
بہتر منافع کے لیے سونے کی قیمتوں پر نظر رکھیںصحیح وقت کا انتخاب کریں
سونے کی قیمتیں افراط زر، کرنسی کی قدر اور عالمی مانگ کے ساتھ بڑھتی ہیں۔
قیمتوں کے عروج پر یا زیادہ مانگ کے دوران بیچنے سے منافع یقیناً بہتر ہوگا۔
اگر قیمت گِر جائے تو جلد بازی میں فروخت کرنے سے گریز کریں، جب تک کہ بہت ضروری نہ ہو۔
اگر آپ نے اپنی رسید کھو دی ہے تو خریدار سے ایک تحریری بیان کی درخواست کریں جس میں قیراط، وزن اور ریٹ درج ہوںرسید اور ریکارڈ ساتھ رکھیں
آپ کی خریداری کی رسید اور قیراط کا سرٹیفکیٹ غیر ضروری کٹوتیوں کو روکنے اور عمل کو ہموار بنانے میں مدد کرتا ہے۔
ہال مارک شدہ سونا عام طور پر بہتر قیمت دلاتا ہے کیونکہ اس کے قیراط کی پہلے سے تصدیق ہوتی ہے لیکن آپ کو ثبوت کے طور پر رسید اور سرٹیفیکیشن درکار ہوتے ہیں۔
فروخت کرنے کے بعد خریدار کے نام، تاریخ اور ٹیکس معاملات کے لیے حتمی قیمت کا ریکارڈ رکھیں۔
اگر آپ نے اپنی رسید کھو دی ہے تو خریدار سے ایک تحریری بیان کی درخواست کریں جس میں قیراط، وزن اور ریٹ درج ہوں۔
قابل اعتماد خریدار یا تصدیق شدہ ڈیلر کا انتخاب کریںقابل اعتماد خریدار ڈھونڈیں
آپ کو صرف تصدیق شدہ ڈیلر کو سونا فروخت کرنا چاہیے۔ جِلد بازی یا محدود مدت کے لیے اچھی آفر دینے والے ڈیلروں سے گریز کریں کیونکہ آپ کو دھوکہ دہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آپ جس طرح کے سونے کو بیچنا چاہتے ہیں اس کے لیے بہترین خریدار تلاش کریں۔ زیورات کسی جیولر کو فروخت کریں جبکہ آپ گولڈ بار بینک کو فروخت کر سکتے ہیں اور قدیم سکے آثار قدیمہ کے ماہرین کو بیچے جا سکتے ہیں۔ مقصد یہ ہے کہ خریدنے والا نہ صرف سونے کی قدر کو پہچانے بلکہ اس پراڈکٹ کی اصل قدر سے بھی واقف ہو۔
آپ کو ملنے والی رقم کا انحصار سونے کے قیراط پر ہے۔ اس لیے یہ یقینی بنائیں کہ آپ کی موجودگی میں قابل اعتماد طریقوں کا استعمال کیا جائے جیسے ایکس آر ایف یا ڈیجیٹل جانچ۔
ہمیشہ پیشکش کی گئی رقم کو وزن، قیراط اور چارجز کی مد میں سمجھیں اور شفافیت طلب کریں۔
خریدار کو واضح طور پر بتانا چاہیے کہ ان کی پیشکش میں وزن اور قیراط کا حساب کیسے لگایا گیا ہے اور اس میں کون سی کٹوتی کس مد میں کی گئی ہے۔