وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے احکامات کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کی انتظامیہ نے ڈائریکٹر ڈاکٹر ابرار کو فارغ کر دیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹر ابرار کو ناقص کارکردگی کے باعث مدت ملازمت میں توسیع دینے کے بجائے عہدے سے ہٹا دیا۔
اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق ڈائریکٹر کی اسامی پہلے ہی مشتہر کی جا چکی ہے اور نئے ڈائریکٹر کی میرٹ کی بنیاد پر جلد تقرری کی جائے گی۔ ڈاکٹر ابرار کی مدت ملازمت 31 دسمبر 2025 کو مکمل ہو رہی تھی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اسپتال ڈائریکٹر کی خراب کارکردگی کے پیش نظر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔ اسپتال کے بورڈ آف گورنرز نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کی تھی اور تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم کمیٹی کی رپورٹ کے بعد بھی کسی کارروائی میں تاخیر رہی۔