ٹماٹر ہر کھانے کا لازمی حصہ ہیں، مگر ان کی بڑھتی قیمت نے سب کو پریشان کر رکھا ہے۔ خوشخبری یہ ہے کہ صرف تین مہینے میں آپ اپنے گھر کی چھت یا بالکونی میں ٹماٹر اگا سکتے ہیں۔ بس ایسی جگہ چنیں جہاں روزانہ دھوپ آتی ہو اور کم از کم 12 انچ گہرے گملے یا بالٹی کا استعمال کریں تاکہ جڑوں کو مناسب جگہ مل سکے۔
ٹماٹر کے بیج بازار سے خریدیں یا پکے ٹماٹر سے نکال کر خشک کریں۔ بیجوں کو نم مٹی میں ہلکا سا دبا دیں اور جب پودے 4 سے 5 انچ کے ہو جائیں تو انہیں بڑے گملے میں منتقل کر دیں۔ مٹی میں گوبر کی کھاد یا نامیاتی ویسٹ ملائیں اور ہر 15 دن بعد ہلکی کھاد ڈالیں تاکہ پودے تندرست رہیں۔ پانی روزانہ تھوڑا دیں مگر زیادہ نہیں، کیونکہ جڑیں گل سکتی ہیں۔
پودے کو بڑھنے کے ساتھ لکڑی کا سہارا دیں اور سوکھی شاخیں کاٹتے رہیں۔ اگر میلی بگز حملہ کریں تو نیم کے پتے ابال کر بنائے ہوئے محلول میں چند قطرے ڈش واش لیکوئیڈ شامل کر کے چھڑکیں۔ یہ قدرتی اسپرے پودے کو کیڑوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
اگر آج بیج لگائیں تو تقریباً تین مہینے بعد پودے لال اور رسیلے ٹماٹر دینے لگیں گے۔ ایک صحت مند پودا 5 سے 10 کلو تک پھل دے سکتا ہے, یعنی تازہ، محفوظ اور مفت ٹماٹر آپ کے اپنے ہاتھوں سے اگائے گئے۔