ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل میرپورخاص نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کی رقوم میں خردبرد اور غیر قانونی کٹوتیوں میں ملوث گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 21 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں بی آئی ایس پی کے تین اہلکار شاہنواز، سہیل ایوب اور اشفاق حسین بھی شامل ہیں جو اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مستحق خواتین کو ملنے والی سرکاری امدادی رقوم میں غیر قانونی کٹوتی کرتے تھے۔
حکام کے مطابق چھاپہ ناگوری ہال میں واقع بی آئی ایس پی سینٹر پر مارا گیا جہاں سے 9 ڈیوائسز، 2 سلیکون انگوٹھوں کے امپریشن، گلو گن مشین اور گلو بار برآمد کیے گئے۔ ملزمان ڈیوائسز کے اصل مالکان کی شناخت استعمال کر کے فنڈز کی ترسیل میں دھوکہ دہی کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران 25 لاکھ 30 ہزار روپے بھی قبضے میں لیے گئے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ مستحقین کو ادائیگی کے عوض فی کس 1500 سے 2000 روپے غیر قانونی طور پر کاٹتا تھا۔ کٹوتی گئی رقم بی آئی ایس پی افسران اور فرنچائز مالکان کو رشوت کے طور پر بھی دی جاتی تھی۔ ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں مستحقین کی آئی ڈیز بلاک کر دی جاتی تھیں۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ادارے کے مطابق گرفتار افراد کی نشاندہی پر مزید کارروائیاں اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔