سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کے خلاف دائر اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ 27 اکتوبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں۔
عمر ایوب اور شبلی فراز نے 9 مئی کے مقدمات میں سزا کے بعد اپنی نااہلی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ اس سے قبل پشاور ہائی کورٹ نے دونوں رہنماؤں کی اپیلیں اس بنیاد پر ناقابلِ سماعت قرار دی تھیں کہ انہوں نے عدالت کے سامنے سرینڈر نہیں کیا تھا۔
سپریم کورٹ کی آئندہ سماعت میں دونوں رہنماؤں کی نااہلی کے خلاف درخواستوں پر تفصیلی دلائل متوقع ہیں۔