دنیا کے امیرترین خاندانوں میں شمار ہونے والے امبانی خاندان کے ایک واقعے نے سوشل میڈیا پر سب کو حیران کر دیا ہے۔ نیتا امبانی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے آکاش امبانی کو اپنے گھر کے چوکیدار سے معافی مانگنی پڑی اور یہ فیصلہ خود مکیش امبانی نے کیا۔
نیتا امبانی کے مطابق، آکاش ایک دن عمارت کے چوکیدار سے فون پر بات کر رہا تھا اور اس دوران اس کا لہجہ انتہائی بدتمیزی بھرا تھا۔ مکیش امبانی نے یہ منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا تو فوراً بیٹے کو روک کر سختی سے کہا کہ "یہ امبانی خاندان کا طریقہ نہیں ہے"۔ انہوں نے آکاش کو حکم دیا کہ وہ فوراً نیچے جائے اور چوکیدار سے ذاتی طور پر معافی مانگے۔
نیتا امبانی نے بتایا کہ ان کے شوہر نے ہمیشہ اپنے بچوں کو یہی سکھایا ہے کہ کسی کی سماجی حیثیت یا پیشہ کبھی احترام کے معیار کا فیصلہ نہیں کرتا۔ چاہے سامنے والا ملازم ہو یا کوئی بڑا افسر سب کے ساتھ عزت سے پیش آنا ان کی تربیت کا حصہ ہے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، اور لوگ مکیش امبانی کی اس تربیت کی تعریف کر رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ "دولت انسان کو بڑا نہیں بناتی، کردار بناتا ہے اور مکیش امبانی نے یہ بات اپنے عمل سے ثابت کر دی۔"