دنیا بھر میں میاں بیوی محبت سے ایک دوسرے کے لیے پیار بھرے نام استعمال کرتے ہیں مگر ترکیے میں ایک شوہر کی ایسی ہی حرکت اس کے لیے بڑی مشکل بن گئی۔ شوہر نے اپنی بیوی کا نمبر موبائل میں ترکی زبان کے لفظ ٹومبک یعنی موٹی کے نام سے محفوظ کر رکھا تھا جس پر اہلیہ سخت ناراض ہو کر طلاق کے لیے عدالت پہنچ گئی۔
ترکیے کے شہر اوشاک کی عدالت میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ شوہر کی جانب سے استعمال کیا جانے والا توہین آمیز نام نہ صرف اس کی تذلیل ہے بلکہ ازدواجی رشتے کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ خاتون نے طلاق کے ساتھ مالی اور ذہنی نقصان کی تلافی کا بھی مطالبہ کیا۔
عدالت نے خاتون کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ بیوی کے لیے ایسے نام کا استعمال محض مذاق نہیں بلکہ جذباتی تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت کے مطابق ترکیے کے قوانین میں ذہنی اذیت اور ظالمانہ رویہ طلاق کی وجہ بن سکتا ہے۔ چنانچہ عدالت نے شوہر کو طلاق کے ساتھ جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ متعدد صارفین اس فیصلے کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ افراد کے مطابق موٹی محض ایک نک نیم بھی ہو سکتا ہے اس لیے اسے توہین نہیں سمجھا جانا چاہیے۔