پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ دشمن کی کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مردان کی مختلف یونیورسٹیوں اور مدارس کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں گفتگو کی۔ اس موقع پر عبد الولی خان یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مدارس کے طلبہ و اساتذہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے معرکہ حق، پاک افغان سرحدی صورتحال اور ملک میں سیکیورٹی چیلنجز سمیت اہم امور پر بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جن کی بدولت ملک میں امن و استحکام ممکن ہوا۔
شرکاء نے غازیوں اور شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم، خصوصاً خیبرپختونخوا کے نوجوان، ملکی سلامتی اور دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
طلبہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ سوشل میڈیا پر ملک دشمن پروپیگنڈا روکنے اور پاکستان کی سلامتی کے بیانیے کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔