تھائی لینڈ کی سابقہ ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ وہ موجودہ بادشاہ مہا وجیرا لونگ کورن کی والدہ اور ماضی کے مقبول بادشاہ بھومی بون ادیولیادیت کی اہلیہ تھیں۔ ان کے انتقال پر پورے ملک میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ شاہی خاندان اور درباری عملے کے لیے ایک سالہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ملکہ سری کٹ نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ ملک کی سماجی اور ثقافتی ترقی کے لیے وقف کیا۔ وہ فیشن، نفاست اور اپنے دلکش انداز کے باعث عالمی سطح پر ”اسٹائل آئیکون“ کے طور پر پہچانی جاتی تھیں۔ ان کی کاوشوں سے تھائی ریشم کی صنعت نے نئی زندگی پائی، جبکہ مقامی دستکاریوں کو عالمی شناخت ملی۔
2012 میں فالج کے باعث وہ عوامی زندگی سے کنارہ کش ہو گئی تھیں، اور 2019 سے مسلسل زیر علاج تھیں۔ خون کے انفیکشن سمیت کئی بیماریوں سے لڑنے کے بعد بالآخر ان کی زندگی کا سفر تھم گیا۔ ملکہ سری کٹ نہ صرف ایک شاہی شخصیت تھیں بلکہ اپنی شائستگی، خدمت اور فن کے فروغ کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔