راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید، ہلالِ کشمیرؒ کی 77ویں یومِ شہادت پر گہرے خراجِ عقیدت پیش کیے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے 1948 کی جنگ کے دوران پیر کلے وہرج کے اسٹریٹجک محاذ پر بھارتی افواج کے تابڑ توڑ حملوں کے خلاف غیر معمولی جرات، عزم اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی بہادری اور وطن سے والہانہ محبت آج بھی پاک فوج کے جوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ یہ دن صرف نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کے نہیں بلکہ اُن تمام غیور سپوتوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قوم اپنے بہادر بیٹوں کی قربانیوں پر ہمیشہ فخر کرے گی، جنہوں نے وطنِ عزیز کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔